نیویارک: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”فیس بک “ نے بھارت کے صارفین کیلئے انتہائی زبردست فیچر متعارف کروا دیا۔ تاہم اس فیچر کا مقصد خون کے عطیات کے حصول میں مدد دینے فراہم کرنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیچر یکم اکتوبر سے بھارت میں فیس بک صارفین کے لیے دستیاب ہوگا جس میں لوگوں میں خون کے عطیات کے لیے نام لکھوانے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ یہ فیچر صارفین کی ٹائم لائن پر نمایاں کیا جائے گا اور لوگ خود کو ڈونر کی حیثیت سے پروفائل میں ٹیگ کرسکیں گے اور اپنے دوستوں سے شیئر بھی کرسکیں گے۔
اس فیچر کے ذریعے ضرورت مند افراد یا اداروں کو ایسی پوسٹس کرنے میں مدد ملے گی جس میں وہ خون کے عطیات کی درخواست کرسکیں گے اور وہ پوسٹس ایسے ٹیگ ڈونرز کے پاس نوٹیفکیشن کی شکل میں ظاہر ہوں گی جو قریبی علاقوں میں رہائش پذیر ہوں گے۔اگر ڈونر اس درخواست کو قبول کرلیتے ہیں تو ضرورت مند افراد یا ادارے ان سے فون کال یا میسنجر اور واٹس ایپ کے ذریعے نجی طور پر رابطہ کرسکیں گے۔
فیس بک کے مطابق یہ فیچر انتہائی اہم ہے کیونکہ اکثر ممالک میں خون کے عطیات کی کمی ہوتی ہے، خصوصاً بھارت میں یہ مسئلہ کافی سنگین ہے، جس کی وجہ سے لاکھوں آپریشن نہیں ہوپاتے۔ یہ فیچر پہلے اینڈرائیڈ فونز اور پھر فیس بک کے موبائل ورڑن میں متعارف کرایا جائے گا کیونکہ بیشتر بھارتی شہری سماجی رابطے کی ویب سائٹس کو ان ذرائع سے ہی استعمال کرتے ہیں۔ تاہم فیس بک نے واضح نہیں کیا کہ یہ فیچر دیگر ممالک میں کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے یا صرف بھارت تک ہی محدود رہے گا۔
فیس بک کا خون کے عطیات میں مدد فراہم کرنیوالا فیچر متعارف
09:32 PM, 28 Sep, 2017