چین نے شمالی کورین کمپنیوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے

09:30 PM, 28 Sep, 2017

نیوویب ڈیسک

بیجنگ:  چین نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے شمالی کورین کمپنیوں کو جنوری تک اپنا کاروبار بند کرنے کا الٹی میٹم دے دیا ہے، یہ اقدام شمالی کوریا کی جانب سے چھٹے جوہری تجربے کی وجہ سے اٹھایا گیا ہے۔

ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چینی وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چین نے یہ اقدام شمالی کوریا کی جانب سے کیے جانے والے چھٹے جوہری تجربے کی پاداش میں اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا ہے۔

وزارت تجارت کے مطابق چینی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ طور پر کاروبار کرنے والی شمالی کورین کمپنیوں کو اپنا کاروبار سمیٹنے کے لیے 120 دنوں کی مہلت دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ چین نے یہ اعلان بھی کر رکھا ہے کہ وہ یکم اکتوبر سے شمالی کوریا کو ریفائنڈ پیٹرولیم کی برآمد بھی محدود کر دے گا جبکہ ٹیکسٹائل مصنوعات پر بھی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

مزیدخبریں