پاناما کیس، امیتابھ بچن اور ایشوریا نے مالی دستاویزات جمع کرا دیں

پاناما کیس، امیتابھ بچن اور ایشوریا نے مالی دستاویزات جمع کرا دیں

ممبئی: پاناما دستاویزات سامنے آنے کے بعد عالمی سیاسی رہنماﺅں سمیت شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے بڑے بڑے نام بھی سامنے آئے ہیں جس کے بعد کئی عالمی رہنماﺅں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ صرف عالمی رہنماؤں کے ہی نہیں بلکہ بھارتی فلم انڈسٹری کے شہنشاہ امیتابھ بچن اوران کی بہو ایشوریا رائے بچن کے نام بھی پاناما پیپرزمیں سامنے آئے تھے۔

بھارتی عوام امیتابھ بچن کو نہ صرف پسند کرتے ہیں بلکہ ان کی پوجا کرتے ہیں لہذا ان کا نام سامنے آنے کے بعد بھارت میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی تھی تاہم امیتابھ بچن نے اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا آف شور کمپنیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اور انہوں نے جو بھی پیسہ باہر بھیجا وہ قانونی طریقے سے بھیجا تھا۔ تاہم بھارتی انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے سابق پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کی پاناما کیس میں نااہلی کے بعد بھارت میں بھی کارروائیوں کا آغاز تیز کرتے ہوئے اگست میں پاناما پیپرز کیس میں شامل 33 افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کرنے کا اعلان کیا تھا جن میں امیتابھ بچن اور ایشوریا رائے کا نام بھی شامل تھا۔

اپنے خلاف تحقیقات ہونے پر امیتابھ بچن بہت تلملائے تھے اور ایک بار پھر تمام الزامات کی تردید کی تھی لیکن بھارتی حکومت اب اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ لہذا امیتابھ بچن اورایشوریا رائے کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات اور جائیداد کے کاغذات جمع کرانے ہی پڑے۔ واضح رہے کہ 2015 میں پاناما لا فرم کے ریکارڈ کے مطابق امیتابھ بچن کا نام 1993 سے لے کر 1997 تک چار آف شور شپنگ کمپنیوں کے ڈائریکٹر کے طور پر سامنے آیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں