واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر شمالی کو ریا کو فوجی آپشن کے استعمال کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ہم حملے کے لئے تیار ہیں۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ واشنگٹن ،پیانگ یانگ کے خلاف فوجی اقدام کے لئے پوری طرح تیار ہے ،ہم نے یہ آپشن استعمال کیا تو شمالی کوریا کے لئے تباہ کن ہوگا۔
امریکا کے موجودہ صدر اس سے پہلے بھی شمالی کوریاکو فوجی حملے دھمکی دے چکے ہیں۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی گزشتہ روز کہا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں شمالی کوریا کے سلسلے میں ایک آپشن فوجی بھی ہے۔
دوسری طرف امریکا نے جنوبی کورین حکام کے ساتھ وعدہ کیا کہ شمالی کوریا کے خطرے سے نمٹنے کے لیے خطے میں مزید جدید فوجی سامان تعینات کیا جائے گا۔جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی حکام نے یقین دلایا ہے کہ علاقے میں ہتھیاروں کو جلد ہی کورین علاقے میں پہنچا دیا جائے گا۔
ابھی تک اس بات کی وضا حت نہیں ہو سکی کہ کس قسم کے ہتھیار علاقے میں بھجیں جائیں گئے،خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے امریکا شمالی کوریا کے خطرے سے نمٹنے کے لیے بحری بیڑا،ایٹمی آبدوز،سٹیلتھ جنگی جہاز بھی تعینات کر سکتا ہے،یاد رہے شمالی کوریا نے صورت حال کو دیکھتے ہو ئے اپنے جنگی جہازوں کو الرٹ کر دیا ہے۔