دبئی میں کروڑوں ڈالر کی لاگت سے مریخ جیسا ماحول پیدا کیا جائے گا

دبئی میں کروڑوں ڈالر کی لاگت سے مریخ جیسا ماحول پیدا کیا جائے گا

دبئی :دبئی میں حکومت نے کروڑوں ڈالر کی لاگت سے مارز سٹی کی تعمیر کا اعلان کیا ہے جس میں سرخ سیارے مریخ پر ممکنہ زندگی کا ماحول تیار کیا جائے گا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق دبئی کے حکام نے کہا ہے کہ 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی لاگت سے یہ شہر 19 لاکھ مربع فٹ پر مشتمل ہو گا اور اس کے ساتھ کسی جگہ کی سب سے بڑی نقل کا اعزاز بھی حاصل ہو گا۔

اس شہر میں محققین ایک برس تک قیام کے دوران مختلف تجربات کریں گے جس میں مریخ پر زندگی کے لیے ضروری خوراک، پانی اور توانائی کا حصول شامل ہے۔یہ منصوبہ دبئی کی مریخ 2117ءمنصوبہ بندی کا حصہ ہے جس کے تحت آئندہ سو برس کے دوران مریخ پر پہلی انسانی آبادی کا قیام عمل میں لانا ہے۔

مارز سائنس سٹی منصوبے کا اعلان حال ہی میں متحدہ عرب امارات کی حکومت کے ابوظہبی میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں کیا گیا۔اس شہر میں جدید لیبارٹریوں کے ذریعہ مریخ کے سخت موسم اور مریخ کی زمینی ساخت کی نقل تیار کی جائے گی۔

شہر میں ایک عجائب گھر بھی موجود ہو گا جس میں خلا میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو پیش کیا جائے گا۔اس عجائب گھر کی دیواریں تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے تیار کی جائیں گی اور اس میں متحدہ عرب امارات کے صحرا سے ریت لا کر استمعال کی جائے گی۔