لاہور: نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے فرسٹ کلاس میچ میں ڈیبیو پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ پاکستان کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی میں خان ریسرچ لیبارٹریز کی جانب سے کھیلتے ہوئے شاہین آفریدی نے بدھ کو یہ ریکارڈ بنایا۔ راولپنڈی کےخلاف ڈیبیو میچ میں نوجوان فاسٹ باؤلر نے نو وکٹیں حاصل کیں تاہم یہ ان کی دوسری اننگز میں شاندار باؤلنگ تھی جس کی بدولت انہوں نے ریکارڈ بک میں جگہ بنائی۔
راولپنڈی ٹیم کی دوسری اننگز میں کے آر ایل کے شاہین شاہ نے تباہ کن باولنگ کرتے ہوئے صرف 39 رنز کے عوض آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس کے سبب راولپنڈی کی ٹیم 139 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس باؤلنگ کارکردگی کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کے فرسٹ کلاس میں بہترین ڈیبیو کا ریکارڈ بھی قائم کرتے ہوئے 43 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
اس سے قبل ڈیبیو پر بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ ندیم ملک کے پاس تھا جنہوں نے 1974 میں لاہور کی جانب سے کھیلتے ہوئے 58 رنز کے عوض آٹھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ 17 سالہ فاسٹ باؤلر کو عظیم لیگ اسپنر اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد نے چند سال قبل پی سی بی کے انڈر 16 ٹیلنٹ پروگرام کے دوران دریافت کیا تھا۔
شاہین شاہ آفریدی کا بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ڈھاکا ڈائنامائٹس کی ٹیم کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے جبکہ پاکستان سپر لیگ کی ٹیمیں بھی فاسٹ باؤلر کی صلاحیتوں سے متاثر ہو کر انہیں اپنی ٹیم میں شامل کرنے کی خواہش مند ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں