میٹا پلیٹ فارمز کی سست روی، پی ٹی اے کی وضاحت

میٹا پلیٹ فارمز کی سست روی، پی ٹی اے کی وضاحت

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بتایا ہے کہ ملک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم میٹا کی خدمات میں سست روی دیکھی گئی ہے جس کی وجہ صارفین کی بڑی تعداد ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق، میٹا پلیٹ فارمز، خاص طور پر فیس بک اور وٹس ایپ، زیادہ متاثر ہوئے جبکہ دیگر سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر اثرات کم دیکھے گئے۔

پی ٹی اے نے کہا کہ پاکستان میں فیس بک کے صارفین کی تعداد 50 ملین ہے اور وٹس ایپ ملک میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپلی کیشن ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق، جون 2024 میں سب میرین کیبل SMW4 کے کٹنے سے 1.5 ٹیرا بائٹس فی سیکنڈ ڈیٹا کی کمی واقع ہوئی، اور بعد میں AAE-1 کیبل میں خرابی کے باعث مزید 0.25 ٹیرا بائٹس فی سیکنڈ کی کمی ہوئی۔

صارفین کو مطلع کیا گیا تھا کہ رش کے اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار کم ہو سکتی ہے، جس پر ٹیلی کام آپریٹرز نے فوری طور پر ٹریفک کو متبادل روٹس پر منتقل کیا۔ اگست میں وٹس ایپ کی سروس میں مسئلے کی شکایات پر پی ٹی اے نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ٹیلی کام آپریٹرز کو مسئلہ حل کرنے کی ہدایت دی۔

پی ٹی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ ستمبر کے آغاز میں وٹس ایپ اور فیس بک کی سروسز کی رفتار بحال ہو چکی ہے اور جیسے ہی سب میرین کیبل SMW4 کی مرمت مکمل ہوگی، صورتحال مکمل طور پر بہتر ہو جائے گی۔