اسلام آباد : امریکی سفارتخانے کی طرف غزہ مارچ کی اجازت نہ دینے پر جماعت اسلامی کے کارکنان کا میاں محمد اسلم کی قیادت میں کشمیر ہائی وے پر دھرنا دے دیا ہے۔ پولیس نے متعدد کارکنوں اور رہنماؤں کو گرفتار کرلیا ہے۔
نیو نیوز کے مطابق جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکنوں نے ٹائر جلا کر کشمیر ہائی وے بلاک کر دیا۔ میاں محمد اسلم نے کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کرتے کہا ہے کہ کل ہر صورت میں غزہ ما رچ ہو گا۔
واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کل اتوار کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے سامنے غزہ مارچ کا اعلان کیا ہے۔ تاہم انتظامیہ نے ڈپلومیٹک انکلیو کے قریب مارچ کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
اسلام آباد پولیس اور ایف سی نے غزہ یک جہتی مارچ کی تیاریوں سے روکتے ہوئے ریڈ زون سے اسٹیج اور ساؤنڈ سسٹم سمیت دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے مزاحمت کی تو پولیس نے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا سمیت متعدد کارکنوں و رہنماؤں کو گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا ہے کہ سری نگر ہائی وے بند کرنے پر کچھ افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ کسی سیاسی تنظیم کو اسلام آباد میں سڑک اور راستے بند کرنے کی اجازت نہیں ، دفعہ 144 کے نفاذ کے دوران اسلام آباد میں جلسے جلوس کی اجازت نہیں ہے۔