اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے لاہور ایئرپورٹ سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں 8 مختلف کاروائیوں کے دوران ایک خاتون سمیت تین ملزمان گرفتار کر کے مجموعی طور پر 137 کلوگرام مختلف اقسام کی منشیات برآمد کرلیں۔
ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کے مطابق پہلی کاروائی کے دوران ڈیرہ غازی خان میں کراچی کے رہائشی ملزم سے 3 کلو 600 گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پرواز کیو آر 621 سے دوحہ جانے والی اوکاڑہ کی رہائشی خاتون ملزمہ سے دوران تلاشی ہیروئن اور آئس بھرے 59 عدد کیپسولز برآمد ہوئے۔
اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دوران کریک ڈاؤن پشین کے علاقے کلی بتی زئی میں گھر میں چھپائی گئی 85 کلو ہیروئن اور 10 کلو آئس جبکہ زخہ خیل خیبر کے غیر آباد علاقہ میں چھپائی گئی 10 کلو گرام چرس اسی طرح تربت کے قریب واقع ایک گھر میں چھپائی گئی 26 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ برآمدہ منشیات بیرون ملک سمگل کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھی۔
اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ جمرود خیبر میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسلحے سمیت خیبر کے رہائشی 2 ملزمان گرفتار کر لیے گئے، گرفتار ملزمان کے گھر سے 5 کلو ہیروئن، 200 گرام آئس اور 50 نشہ آور (ایکسٹیسی) گولیاں برآمد کی گئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ایک اور کاروائی میں کوئٹہ سے سکھر جانے والے چاغی کے رہائشی ملزم سے 2 کلو کرسٹل برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔