آگرہ: بھارتی ریاست اترپردیش میں شادی کی تقریب میں رس گلا نہ ملنے پر جھگڑا ہوگیا جس سے ایک باراتی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق اتر پردیش کے شہر آگرہ کے نزدیک ایک شادی میں رس گلا کو لے کر باراتیوں اور لڑکی والوں کے درمیان مار پیٹ میں ایک نوجوان ہلاک ہوگیا اور کئی لوگ زخمی ہو گئے ہیں ۔ بارات دلہن کے بغیر لوٹ گئی ۔
اعتماد پور قصبے میں گزشتہ بدھ کو دو بہنوں کی شادی تھی ۔ بارات قریب کے قصبے کھنڈوولی سے آئی تھی ۔ بہت سے باراتی کھانا کا کر واپس جا چکے تھے ۔ کچھ باراتی ںکاح کے انتظار میں رکے ہوئے تھے ۔
ہلاک ہونے والے نوجوان کے ایک رشتےدار خلیل احمد نے بتایا کہ کسی باراتی نے ایک رس گلا مانگ لیا تھا ۔ شاید ان کا پہلا رس گلا گر گیا تھا ۔ لڑکی والوں نے رس گلا دینے سے نے منع کر دیا ۔ اس پر آپس میں بچوں میں تکرار ہو گئی اور بات بڑھتے بڑھتے مار پیٹ تک پہنچ گئی ۔
لڑکی کی طرف کے ایک رشتےدار نے بتایا کہ کہ سب کچھ خوش اسلوبی سے چل رہا تھا کہ ایک معمولی سی بات پر جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ حالات قابو سے باہر ہوگئے۔
آگرہ کے ایس پی ستیہ جیت گپتا نے بتایا کہ شادی میں رس گلا مانگنے پر لڑکی والوں اور باراتیوں میں پہلے تو تھپڑ اور مکوں کے ساتھ مار پیٹ شروع ہوئی ۔ اسی ہنگامے میں کسی نے کھانا نکالنے والے بڑے بیلچے سے مارنا شروع کیا جس میں ایک باراتی کی ہسپتال میں موت ہو گئی ۔
انھوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں پانچ چھ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ اس سلسے میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ایک شخص کی گرفتاری عمل میں آئی ہے ۔ ابھی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس ہنگامے کے بعد شادی نہیں ہو سکی اور بارت بغیر دلہن کے لوٹ گئی۔