ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ، الیکشن کمیشن نے عمران خان کو یکم نومبر کو طلب کرلیا 

07:15 PM, 28 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے این اے 45 کرم میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر  عمران خان اور صوبائی وزیر برائے آباد کاری خیبر پختونخوا کو نوٹس جاری کر کے یکم نومبر کو طلب کر لیا۔

نیو نیوز کے مطابق نوٹس کے ذریعے انہیں خبردار بھی کیا ہے کہ مذکورہ خلاف ورزی پر امیدوار کی نااہلی اور صوبائی وزیر کے خلاف الیکشن ایکٹ کے چیپٹر دس کے تحت فوجداری کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

 این اے 45 کرم ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کرم نے وزیر صوبائی وزیر محکمہ آباد کاری خیبر پختونخوا محمد اقبال کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کی وجہ سے قانونی کارروائی کا آغاز کر کے الیکشن کمیشن کو رپورٹ ارسال کر دی ۔

رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیر کو مسلسل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر 30 ہزار روپے جرمانہ بھی کر چکے ہیں جو کہ ادا نہیں کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کی یہ آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ الیکشن کے ایسے انتظامات کرائے تاکہ الیکشن آزادانہ، شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدار ہو۔

صوبائی وزیر کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے جس کے سربراہ عمران خان مذکورہ حلقہ سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور صوبائی وزیر کی انتخابی مہم میں سرکاری وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مذکورہ الیکشن پر اثر انداز ہوا جا رہا ہے جوکہ آئین کے آرٹیکل 218(3) کے منافی ہے اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے۔

مزیدخبریں