عمران خان کی نااہلی پر چیف الیکشن کمشنر کو دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتار

03:00 PM, 28 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے بعد چیف الیکشن کمشنر کو دھمکیاں دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیاہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ملزم صوبائی دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے بجائے اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کرکے وہاں سے نکل جانا چاہتا تھا تاہم اسے گرفتار کر لیا گیا۔ 
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) حکام کے مطابق خرم محبوب نامی شخص پر الزام ہے کہ اس نے چیف الیکشن کمشنر کو سعودی عرب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور اس حوالے سے ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ 
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد نے انکوائری کا آغاز کرکے ملزم کے کوائف جمع کئے تو انکشاف ہوا کہ ملزم 14 اکتوبر کو لاہور سے عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہوا۔
ایف آئی اے نے ملزم کے حوالے سے کوائف اسلام آباد ائیرپورٹ سمیت ملک بھر کے ائیرپورٹس پر ارسال کردیئے اور آج ملزم سعودیہ سے لاہور واپس آنے کے بجائے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچا۔ 
سعودی ایئرلائن کی پرواز نمبر ایس وہ 722 کے ذریعے آنے والے خرم محبوب کے کوائف سسٹم میں ہٹ ہوتے ہی ایف آئی اے امیگریشن نے اسے تحویل میں لے لیا۔ 
ذرائع کا کہا ہے کہ خرم محبوب کو مزید قانونی کارروائی کیلئے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا جہاں اس سے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں