اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آبادپولیس کے پاس ایسی سہولتیں ہونی چاہئیں جس سے ملک مستفید ہوں، پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور بچوں کوجدیدٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنابھی ضروری ہے، سعودی عرب کو بڑی مشکل سے سرمایہ کاری کیلئے راضی کیا ہے جو 9 سے 10 ارب ڈالر کی آئل ریفائنری لگائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس افسران کے48ویں ایس ٹی پی بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈہوئی جس میں شرکت کیلئے وزیراعظم شہبازشریف نیشنل پولیس اکیڈمی آئے جہاں انہیں گارڈ آف آنرپیش کیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی کے حامل پولیس افسران میں انعامات تقسیم کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے تمام افراد اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاسنگ آؤٹ میں اعلیٰ ٹریننگ مہیاکی گئی، اہلکاروں کواعلیٰ تربیت دینے پر پولیس افسران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، قوم کی بیٹیاں زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کیلئے جانیں قربان کیں اور دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا، پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پولیس اکیڈمی میں اہلکاروں کی جدیدطرزپرتربیت کی جانی چاہئے، اے ڈی خواجہ سے درخواست کروں گاپولیس ٹریننگ کیلئے تمام لوازمات کو پورا کریں، اسلام آبادپولیس کے پاس ایسی سہولتیں ہونی چاہئیں جس سے ملک مستفید ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب کاسی ٹی ڈی پاکستان سمیت دنیا کیلئے بھی رول ماڈل ہے، پنجاب فرانزک ایجنسی کے پاس دیگر ممالک سے بھی کیسزآتے ہیں، بچوں کوجدیدٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنابھی ضروری ہے، پاکستان ہم سب کاملک ہے اور ہمیں ملک کی بہتری کیلئے کام کرنا ہو گا ورنہ آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازا ہے لیکن گزشتہ 4 سال میں عوامی فلاح کا ایک بھی منصوبہ نہیں بنایا گیا، سعودی عرب نے ہسپتال کی تعمیر کیلئے اربوں روپے دیئے مگرمنصوبے پرکوئی کام نہ ہوا، میں نے سعودی وفد سے معذرت کی اور منصوبے پر پیش رفت کیلئے2دن کاوقت مانگا، 48 گھنٹوں میں منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کر دیں اور میرے ان اقدامات پر سعودی وفد بے انتہا خوش ہوا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی عرب پاکستان میں 9 سے 10 ارب ڈالر کی آئل ریفائنری بھی لگائے گا، ہم بہت مشکل سے سعودی عرب کوپاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے لے کر آئے ہیں جبکہ امریکہ سے تعلقات بہتر کرنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں، ہمیں اپنی ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرنا چاہئے اور خلوص نیت سے ملک کی ترقی کیلئے محنت کرنا چاہئے کیونکہ اللہ تعالیٰ محنت کااجرضرور دیتا ہے۔
سعودی عرب پاکستان میں 9 سے 10 ارب ڈالر کی آئل ریفائنری لگا رہا ہے: وزیراعظم
12:14 PM, 28 Oct, 2022