رینجرز کو مظاہرین کو روکنے کیلئے اسلحہ استعمال کرنے کی اجازت

08:24 PM, 28 Oct, 2021

لاہور: پنجاب میں رینجرز کو مظاہرین کو روکنے کیلئے اسلحہ استعمال کرنے کی اجازت مل گئی۔ راولپنڈی میں اہم مقامات پر رینجرزتعینات کر دی گئی ہے۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں قیام امن کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

پنجاب میں رینجرز دو ماہ کے لیے طلب کی گئی ہے اور آج امن و امان سے متعلق اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معمولات زندگی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمے داری ہے اور ریاست اپنی یہ ذمے داری ہر صورت نبھائے گی۔

ادھر کالعدم تنظیم کے مارچ کے پیش نظر راولپنڈی میں اہم مقامات پر رینجرزتعینات کر دی گئی ہے جبکہ داخلی اور خارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے ہیں اور میٹرو بس سروس بھی صدر سے فیض آباد تک معطل کر دی گئی ہے۔ کرفیو جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جبکہ عوام کے لیے اسپتال جانا محال ہو گیا اور شہری گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان ٹی ایل پی کا کہنا ہے کہ تصویر کا ایک رخ نہ دکھا یا جائے، وزیر داخلہ عوام کے سامنے مذاکرات کی تفصیلات رکھیں اور ہمارا مؤقف بھی سامنے لایا جائے، آئینی و قانونی حقوق چھیننے کے لیے حکومت نے ہمیشہ طاقت کا استعمال کیا ہے۔

مزیدخبریں