نئی دہلی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کے ہاتھوں تاریخی شکست کے باوجود بھی وریندر سہواگ کو یقین ہے کہ بھارتی ٹیم ہی یہ ورلڈکپ جیتے گی۔
وریندر سہواگ کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل میں رسائی کیلئے بھارتی ٹیم کو اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ مجھ سے پوچھیں تو وہ بھارتی ٹیم ہی ہے جو یہ ورلڈکپ جیتے گی، بس انہیں اچھی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی ہماری ٹیم جیتتی ہے تو ہم خوشیاں مناتے ہیں مگر جب یہ ہار جاتی ہے تو انہیں ہماری اور زیادہ سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے، لہٰذا میرا یقین ہے کہ بھارتی ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ جیت سکتی ہے۔
پاکستانی ٹیم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی بلے باز نے کہا کہ گرین شرٹس ابتدائی دو میچز جیت چکی ہے اور سیمی فائنل میں جانے کیلئے اسے مزید 2 فتوحات کی ضرورت ہے۔
پاکستان کو اب افغانستان، سکاٹ لینڈ اور نمیبیا کے خلاف نبردآزما ہونا ہے اور ان تین میچز میں سے صرف 2 میں جیت ہی گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں پہنچا دے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 ورلڈکپ سپر 12 مرحلے کے اپنے ابتدائی میچ میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارتی ٹیم کو 10 وکٹوں کی تاریخی شکست دی۔
پاکستان نے اگلا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے فتح حاصل کی اور اب 29 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔