لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب اور وفاق میں اتحادی ق لیگ نے تحریک لبیک کے خلاف آپریشن کی مخالفت کردی ہے ۔ وفاقی وزرا سے معاہدے پر فوری عملدرآمد کا بھی مطالبہ کردیا ۔
نیو نیوز کے مطابق وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے کہا کہ وفاقی وزراء معاہدے کی ذمہ داری بھی قبول کریں، اس کی پاسداری بھی کریں اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ طاقت کا استعمال مسائل کے حل کا ذریعہ نہیں۔:حکومت اور تحریک لبیک کے ذمہ داران موجودہ صورتحال میں دانشمندی کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن اور طاقت کے استعمال کی بات کرنے والے ملک و ملت کے خیر خواہ ہیں اور نہ ہی حکومت کے ساتھ مخلص ہیں۔ بارہا کے تجربات سے ثابت ہوچکا ہے کہ طاقت کا استعمال معاملات کے بگاڑ کا سبب بنا ہے ۔ فریقین تشدد اور محاذ آرائی کے بجائے مفاہمت اور بات چیت سے مسائل کو حل کریں۔
حافظ عمار یاسر کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک کے ذمہ داران اور کارکنان کے جذبات قابل قدر ہیں۔ تحریک لبیک کے وابستگان آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر اپنے مقاصد کی تکمیل کیلئے جدوجہد کریں۔ تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کا راستہ اختیار کرنے سے منزل مزید دور ہو جاتی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے کارکن ایک ہفتے سے مظاہرہ کر رہے ہیں ان کا لانگ اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ گوجرانوالہ پہنچ چکا ہے۔ ٹی ایل پی کا مطالبہ ہے کہ ہمارے امیر علامہ سعد رضوی سمیت تمام کارکنوں کو رہا، مقدمات واپس ، فورتھ شیڈول سے نکالنے سمیت فرانسیسی سفیر کو بھی ملک بدر کریں۔
وفاقی حکومت کا موقف ہے کہ فرانسیسی سفیر کو کسی صورت ملک بدر نہیں کیا جائے گا۔ وزیراطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی دہشت گرد جماعت ہے اور اس کے ساتھ سیاسی جماعت کے طور پر نہیں بلکہ دہشت گرد جماعت کے طور پر نمٹا جائے گا۔