جنوبی افریقہ کے کھلاڑی نے گھٹنے نہ ٹیکنے پر معافی مانگ لی

03:20 PM, 28 Oct, 2021

دبئی:  ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سپر 12 مرحلے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ سے قبل گھٹنے نہ ٹیکنے  پر جنوبی افریقا کے وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک نے معافی مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے کرکٹر کوئنٹن ڈی کوک نے سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹویٹر پر معافی نامہ شیئر کیا ہے انہوں نے اپنے پیغام میں اپنے رویئے پر معذرت کرلی ہے ۔

کوئنٹن ڈی کوک نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں اپنی ٹیم کے ساتھیوں اور مداحوں سے معافی چاہتا ہوں، اگر میرے گُھٹنے ٹیکنے سے دوسروں کو تعلیم دینے میں مدد ملتی ہے اور دوسروں کی زندگیوں میں بہتری آتی ہے تو میں ایسا کرنے میں خوشی محسوس کروں گا۔

 انہوں نے کہا کہ میں نسل پرستی کے خلاف کھڑا ہونے کی اہمیت اور مثال قائم کرنے کے لیے کھلاڑیوں کی ذمے داریوں کو سمجھتا ہوں مگر  ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ میں گھٹنے نہیں ٹیکے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں نے کسی کو عزت نہیں دی، گھٹنے کے بل کھڑا ہونے کے بارے میں ہمیں میچ کی صبح اس وقت بتایا گیا جب ہم کھیلنے جارہے تھے۔

وکٹ کیپر نے معافی نامے میں کہا کہ اگر کسی کا دل دکھا ہے تو میں بہت معذرت کرتا ہوں، میرے لیے بلیک لائیوز کی بہت اہمیت ہے، میں نسل پرست نہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کے لیے کھیلنے سے بڑھ کر میرے لیے کوئی اور اچھی چیز نہیں ہوگی، اگر مجھے ٹیم میں رکھا جاتا ہے تو کھیلنے میں خوشی محسوس کروں گا۔

یاد رہے کہ کرکٹ جنوبی افریقا نے اپنے کھلاڑیوں کو یہ ہدایت جاری کی تھی کہ میچوں کے آغاز سے پہلے گھٹنے پر بیٹھ کر سیاہ فام افراد سے برتے جانے والے نسلی تعصب کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف پروٹیز کے پہلے میچ میں ڈی کوک واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے گھٹنے ٹیکنے یا ’بلیک لائیوز میٹر‘ کے حوالے سے یکجہتی کا اظہار کرنے سے انکار کردیا تھا جس پر ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ڈی کوک ’ذاتی وجوہات‘ کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے خلاف منگل کے میچ سے دستبردار ہوگئے تھے ۔

مزیدخبریں