لاہور: پوری دنیا میں عالمی وبا کی دوسری لہر کے پیش نظر حکومت پاکستان نے نیا حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق گھروں سے باہر نکلنے پر عوام کو ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے گھروں سے باہر نکلنے پر ماسک کا استعمال لازمی قرار دیدیا ہے۔ اب بازاروں اور شاپنگ مال وغیرہ میں بھی ماسک کا استعمال لازم ہو گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت عالمی وبا کی دوسری لہر شروع ہو چکی ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد ضروری ہے اور یومیہ تعداد 400 سے بڑھ کر 700 ہو چکی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ وبا والے علاقوں میں کاروباری اوقات میں کمی کی تجویز زیر غور ہے اور مجبوراً حکومت کو سخت اقدامات اٹھانا پڑ رہے ہیں اور جن علاقوں میں وبا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے وہاں پابندیاں بڑھائی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ این سی او سی میں صورت حال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وبا سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مقامی سطح پر پابندیوں کی خلاف ورزی پر جرمانے بھی عائد ہوں گے۔ پابندیاں اور سختیاں حکومت نہیں کرنا چاہتی لیکن اگر ہم ایس او پیز پر عمل اور احتیاط کریں گے تب ہی وبا کی دوسری لہر کو شکست دینے میں کامیاب ہو سکیں گے۔
دوسری جانب جامعات میں بڑھتے کیسز پر وائس چانسلر کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیا گیا ہے جس میں ملک بھر کے وائس چانسلرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔ اجلاس میں جامعات میں بڑھتے وبا کے کیسز پر گفتگو ہو گی۔ جامعات کو سیل کرنے سمیت ڈس ان فیکٹ کرنے کے امور پر بات چیت ہو گی۔