پورا فوکس فرسٹ کلاس کرکٹ پر ہے، سرفراز احمد

09:18 PM, 28 Oct, 2020

کراچی: بلے بازوں نے پلان کے مطابق بیٹنگ کی جس کی وجہ سے سینٹرل پنجاب کیخلاف میچ میں کامیابی حاصل ہوئی ۔ 

سندھ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد  نے قائداعظم ٹرافی کے میچ میں سینٹرل پنجاب کو شکست دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اوپننگ بلے بازوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ سعود شکیل، اسد شفیق اور حسن محسن نے عمدہ بیٹنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ بلے بازوں کو بتایا تھا کہ پلان کے مطابق کھیلنا ہے۔

قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان اور سندھ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ جب ٹیم مشکل میچز میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کئی کھلاڑی وائرل بیماریوں کا شکار ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود ہم میچ جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اظہرعلی نے چانس لیا اور ہم نے بھی ویسے ہی چانس لیا۔اپنی کارکردگی کے حوالے سے سرفراز احمد نے کہا کہ میرا پورا فوکس فرسٹ کلاس کرکٹ پر ہے۔ کوشش کروں گا کہ آئندہ میچز میں بہتر کارکردگی دکھائوں۔ 

خیال رہے کہ سرفراز احمد قومی کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹ کے کپتان رہ چکے ہیں۔ پاکستان نے سرفراز احمد کی کپتانی میں ہی 2017 میں چیمپئن ٹرافی جیتی تھی۔ لیکن ورلڈ کپ 2019 میں ان کی غیر تسلی بخش قیادت اور کارکردگی کے باعث انہیں کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا۔ 

مزیدخبریں