راولپنڈی: شاداب خان انجری مسائل کے باعث زمبابوے کیخلاف پہلے ون ڈے کیلئے دستیاب نہیں ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ محدود طرز کی کرکٹ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان زمبابوے کے خلا ف پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔
لیگ اسپنر نے 23 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کے بعد اپنی بائیں ٹانگ میں کھیچاؤ محسوس کرنے کی شکایت کی تھی۔اس دوران شاداب خان کا ری ہیب جاری رہے گا اور دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ان کی شرکت کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 30 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔