اسلام آباد: ملک بھر میں عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے حکومت نے بڑا فیصلہ کر لیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے آج ہونے والے اجلاس میں ملک بھر میں شاپنگ مالز، دکانیں، مارکیٹیں رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ شادی ہالز، ریسٹورنٹس بھی رات 10 بجے بند کیے جائیں گے۔
اس سے قبل حکومت نے نیا حکم نامہ جاری کیا جس کے مطابق گھروں سے باہر نکلنے پر عوام کو ماسک کا استعمال لازمی کرنا ہو گا۔ بازاروں اور شاپنگ مال وغیرہ میں بھی ماسک کا استعمال لازم ہو گا۔تفریح گاہیں اور پارک بھی شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل سٹورز، کلینک اور ہسپتال اس پابندی سے مستثنیٰ ہونگے ۔ حکام کی جانب سے وبا کی روک تھام کیلئے کل سے ماسک پہننا بھی لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔ خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ عائد ہو گا۔
دوسری جانب اسلام آباد کی انتظامیہ نے دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے تمام شاپنگ مالز، دکانوں اور عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا ہے۔ خلاف وزری کرنے والے کو جرمانہ ہو گا۔ ماسک کے حوالے سے دفعہ 144 کی پابندی کا نفاذ دو ماہ کے لیے ہو گا۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں اس وقت عالمی وبا کی دوسری لہر شروع ہو چکی ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد ضروری ہے اور یومیہ تعداد 400 سے بڑھ کر 700 ہو چکی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ وبا والے علاقوں میں کاروباری اوقات میں کمی کی تجویز زیر غور ہے اور مجبوراً حکومت کو سخت اقدامات اٹھانا پڑ رہے ہیں اور جن علاقوں میں وبا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے وہاں پابندیاں بڑھائی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ این سی او سی میں صورت حال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وبا سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔