حیدر آباد: وفاقی وزی برائے توانائی عمر ایوب خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سندھ میں گیس کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں اور ملک بھرمیں تیل و گیس کی تلاش کے لیے 20 مقامات پر لائسنس دے دیے گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی بدعنوانیاں سامنے لائیں گے جبکہ بجلی چوری کے خلاف مہم جاری رہے گی۔
وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اندرون سندھ کی سڑکیں، اسپتال اور اسکول دیکھ کر 50 سال پہلے کا دور لگتا ہے اور عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں کیونکہ پیپلز پارٹی نے سندھ کی عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔
تحریک انصاف کے وفاقی وزیر برائے توانائی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو صحیح سمت میں لے کر جا رہے ہیں جبکہ اپوزیشن پارٹیوں کے رہنما چوری چھپانے کے لیے یہ سب کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف مہم جاری رہے گی اور مزید فیڈر ٹرانسفارمیشن بڑھا کر حیسکو کا نظام بہتر کریں گے۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں ہماری جماعت نے سوئپ کیا تھا اور آنے والے عام انتخابات میں سندھ میں پاکستان تحریک انصاف کو واضح برتری ملے گی جیسا کہ کراچی میں گزشتہ انتخابات میں تحریک انصاف نے کلین سوئپ کیا تھا۔
خیال رہے کہ اسکردو میں پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم میں بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کوئی کھلاڑی یا سلیکٹڈ نہیں جو اپنے وعدے پر یو ٹرن لوں۔ آپ نے مجھے دو تہائی اکثریت دلوانی ہے تاکہ میں آپ کو آپ کی زمین کا مالک بنا سکوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان کو الگ صوبہ بنانا ہو گا کیونکہ اس علاقے میں ترقی صرف پیپلز پارٹی کے دور میں ہوئی اور گلگکت بلتستان میں محترمہ بے نظیر نے جمہوریت کی بنیاد رکھی تھی ۔ یہاں کی عوام کو حقوق پیپلز پارٹی نے دیے اور باقی جماعتیں ادھر ادھر کی باتیں کر رہی ہیں۔
بلاول بھٹو نے خطاب میں مزید کہا کہ ہم یہاں کے جیالوں کی جدوجہد کو آگے لے کر جائیں گے۔ اگر اس ملک میں کوئی وزیراعظم بنتا ہے تو گلگت کے عوام کے ووٹوں سے بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1974 تک گلگت کیلئے کوئی پروگرام نہیں تھا۔ ہم نے معاشی حالات کو بھی سنبھالنا ہے اور پیپلز پارٹی ہی معیشت کو کنٹرول کرے گی۔