حکومت کا ملک بھر میں عشق رسول ﷺ منانے کا اعلان

06:19 PM, 28 Oct, 2020


 اسلام آباد :حکومت پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں 31 اکتوبر  سے 6 نومبر تک عشق رسول ﷺ  منایا جائیگا ۔ اس بات کا فیصلہ ایک ایسے موقع پر لیا گیا ہے جب فرانس میں توہین آمیز خاکوں کو لیکر مسلمان مظالم کا نشانہ بنے ہوئے ہیں اور دنیا بھر میں مسلمانوں کا احتجاج جاری ہے۔


وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ؐ کی ذات کے ساتھ ہمارے تعلق اور نسبت کو اگلی نسل تک پہنچانا یہ ان ناپاک عزائم کا انتہائی مثبت اور موثر جواب ہوگا ،جو فرانس اور دیگر ممالک گستاخانہ خاکوں کی شکل میں مسلمانوں کی دل آزاری کیلئے کر رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وفاقی و صوبائی سطح پر محافل نعت، درود و سلام کی مجالس، جامعات، کالجز، اسکولز اور سرکاری تنظیموں کی سطح پر سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کو اجاگر کرنے کے لیے تقریری مقابلے، مضامین اور سوال و جواب کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ حضورؐ سے اپنی محبت کا اظہار کیا جاسکے۔یہ ان اقدامات کے علاوہ ہے جو وزیراعظم یا وزارت خارجہ یا سفارتی چینلز اپنے طریقے سے کریں گے۔

نور الحق قادری نے کہاکہ وزیراعظم کچھ سربراہان مملکت سے فون پر بھی بات کریں گے اور پاکستانی عوام کے جذبات کی ترجمانی کریں گے اور ان سے مشورہ کریں گے کس طرح اس طرح کی جسارت کو ناکام بنایا جاسکتا ہے اور فرانس میں جو کچھ ہوا اس کا کس طرح جواب ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بذات خود تمام اسلامی ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت کو ایک خط لکھیں گے جس میں اس طرح کی گستاخانہ کوششوں کو روکنے کے لیے اقدامات پر تجاویز کی گزارش کریں گے تاکہ ایک متفقہ لائحہ عمل سے آگے بڑھا جاسکے۔

مزیدخبریں