تھر: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تھر کے شہر ننگرپارکر میں کالی داس ڈیم کا افتتاح کردیا ۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم مزید 23 ڈیم بنارہے ہیں ۔ اب تھر بدلے گا ۔ یہاں کی ترقی میں مقامی لوگوں کا حصہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 2002 میں تھر سے ہمارا کوئی ممبر نہیں تھا۔پھر یہاں سے سیٹیں لیتے گئے ۔ آج پورا تھر پیپلز پارٹی کا ہے ۔ ہم نے سب سے زیادہ تھر سے ووٹ لیے اور سیٹیں لیں ۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سندھ میں گندم کی پیداوار کا ہدف پورا کیا ۔ وفاقی حکومت کی نااہلی سے آج آٹا مہنگا ہے ۔ کل ہماری کابینہ کا اجلاس ہے ۔ اجلاس میں گندم کی کم از کم قیمت میں کاشتکاروں کا خیال رکھا جائیگا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت دو ہزار روپے ہونی چاہیے ۔ سندھ کےکسانوں نے ہدف سے زائد گندم کاشت کی ، دیگر صوبوں نے اہداف حاصل نہیں کیے ہیں ۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تھر کے شہر ننگر پارکر کالی داس ڈیم کے لیے روانے ہوئے توتھر کول کے قریب کھاریو غلام کے مقام پر مظاہرین نے ان کا راستہ روک لیا ۔
وزیراعلیٰ سندھ ننگرپارکر ڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب شروع کیا تو اس دوران پنڈال سے آٹا سستا کرو اور نوکریاں دو کے نعرے گونج اٹھے ۔
وزیراعلیٰ مظاہرین سے ملے اور یہاں بھی مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔
وزیراعلیٰ کا کہناتھاکہ ڈیم 33 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے ۔ یہ ڈیم ننگر پارکر اور قریبی گاؤں کو پور ا سال پانی کی ضروریات پوری کریگا۔