کراچی : سی این جی اسٹیشنز کی بندش کے حوالے سے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ آج صبح آٹھ بجے سے لیکر کل صبح آٹھ بجے تک پورے سندھ میں 24 گھنٹے کے لیے سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے ۔
آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کا کہناہے کہ حکومتی ذرائع کے مطابق جمعرات کو گیس کی سپلائی بحال کردی جائیگی ، جبکہ جمعہ کو پھر 24 گھنٹے کے لیے گیس کی فراہمی معطل رہے گی ۔
اس دوران سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے اور آر ایل این جی پر منتقل ہونے والے اسٹیشنز ہی کھلے رہیں گے ۔ انہیں گیس کی سپلائی معمول کے مطابق جاری رہے گی ۔
حکام کےمطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں گیس پریشر میں کمی کے باعث گھریلو صارفین اور کمرشل سیکٹر کی طلب پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سندھ بھر میں بدھ اور جمعہ کی صبح 8 بجے سے اگلے 24 گھنٹے کے لیے بند رہیں گے ۔ حکام کا کہناہے کہ مختلف گیس فیلڈز سے موصول ہونے والی گیس کی مقدار میں کمی ہوئی ہے ۔
سی این جی اسٹیشنز بند ہونے سے بسوں کے کرایوں میں اضافہ ہوجاتاہے ۔ ایک دن اسٹیشن کی بندش سے نہ صرف عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ٹرانسپورٹرز بھی کرائے بڑھا دیتے ہیں ۔
باربار سی این جی بند ہونے سے اس کی فروخت میں بھی خاطر خواہ کمی ہوئی ہے ۔ مالکان کا کہناہے کہ سی این جی بندش سے ان کی آمدن میں بھی کمی ہوئی ہے ۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ سی این جی عدم دستیابی سے اخراجات بڑھ جاتے ہیں جس کے باعث کرایوں میں اضافہ کرنا پڑتا ہے۔