دبئی: پاکستانی بزنس کمیونٹی کا دبئی کی حلال میک اپ انڈسٹری میں اہم کردار، انسان یا جانوروں کی باقیات اور الکوہل سے پاک ان پروڈکٹس نے دبئی میں بیوٹی انڈسٹری کو تین بلین ڈالرز کا منافع بخشا۔
تفصیلات کے مطابق پوری دنیا میں میک اپ انڈسٹری میں نت نئی روایات متعارف ہو رہی ہیں، یو اے ای میں حلال میک اپ کا ٹرینڈ بڑھنے لگا ہے۔ باصلاحیت پاکستانی فرزانہ کوثر نے دبئی میں ایسا پارلر کھول لیا ، جہاں الکوحل فری حلال میک اپ پراڈکٹس استعمال ہوتی ہیں۔ حلال میک اپ کا سن کر پاکستانی خواتین سجنے سنورنے کیلئے وہاں کا رخ کرنے لگیں ہیں۔
فرزانہ کوثر ایک ایسی با صلاحیت پاکستانی ہیں، جنھوں نے دبئی کی بیوٹی انڈسٹری میں جدت و مہارت متعارف کرانے کیلے پاکستانی خواتین کی مدد لی، پاکستانی بیوٹیشن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بہت پُرجوش ہیں کہ دوبئی جیسی بین الاقومی مارکیٹ میں پیشہ وارانہ ٹریننگ کورسز متعارف کرائیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد ہر سال روزگار کی تلاش میں سعودی عرب، یو اے ای اور دوسرے عرب ممالک میں جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ان ممالک میں پاکستانی کاروباری حضرات بھی اچھے کاروبار کر رہے ہیں۔ اسلامی ملک ہونے کے ناطے پاکستان کے تمام عرب ممالک سے اچھے تعلقات بھی ہیں۔ اس لیے مشکل کی ہر گھڑی میں سعودی عرب، قطر اور یو اے ای جیسے عرب ممالک نے حکومت پاکستان کی مدد کی ہے۔ ادھر پاکستان نے بھی اپنے برادر ممالک کا ساتھ نہ چھوڑنے کا عہد کر رکھا ہے۔