اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان جب بھی بولتے ہیں جھوٹ ہی بولتے ہیں، عمران نے چار سال ضائع کر دیئے وہ یہ وقت شہباز شریف سے ٹریننگ لینے میں گزارتے تو خیبرپختونخوا میں بھی ترقی ہوتی،جلسوں میں جھوٹ بول کر لوگوں کی خدمت نہیں ہوتی، تبدیلی لانے اور عوام کی خدمت کیلئے جلسوں میں جھوٹ نہیں بلکہ شہبازشریف کی طرح دن رات کام کرنا پڑتا ہے، شہباز شریف کی محنت اور کارکردگی کی گواہی ان کا کام دیتا ہے، خیبرپختونخوا کے 35فیصد سکولوں میں پینے کا صاف پانی نہیں ہے،30فیصد سکولوں میں ٹائلٹ جبکہ 40فیصد سکولوں میں بجلی نہیں ہے، اچھا ہوتا کہ عمران خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کا تالا کھولنے کا اعلان کرتے۔
ہفتہ کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے آج پھر وہی تقریر اور وہی جھوٹ بولے، وہ جب بولتے ہیں جھوٹ ہی بولتے ہیں، حسد ارو اقتدار کی ہوس نے عمران خان کو دماغی مریض بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے چار سال میں سارا وقت جھوٹ بولنے میں ضائع کیا، وہ یہ وقت شہباز شریف سے ٹریننگ میں گزارتے تو خیبرپختونخوا میں بھی ترقی ہوتی، اپنے صوبے میں ان سے ڈینگی مریض سنبھالے نہیں جاتے اور دوسروں پر تنقید کرتے ہیں،عمران صاحب شہباز شریف نے پنجاب کے لوگوں کی خدمت کی ہے، اچھا ہوتا کہ عمران کے پی میں احتساب کمیشن کا تالا کھولنے کا اعلان کرتے ۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پنجاب کی ترقی کا نام ہے، خیبرپختونخوا کے 35فیصد سکولوں میں پینے کا صاف پانی نہیں ہے،30فیصد سکولوں میں ٹائلٹ جبکہ 40فیصد سکولوں میں بجلی نہیں ہے، عمران صاحب جلسوں میں جھوٹ بول کر لوگوں کی خدمت نہیں ہوتی، تبدیلی لانے کیلئے شہبازشریف کی طرح دن رات کام کرنا پڑتا ہے، شہباز شریف کی محنت اور کارکردگی کی گواہی ان کا کام دیتا ہے۔