تنخواہ مانگنے پر بااثر وڈیرے نے محنت کش کی زبان کاٹ ڈالی

05:16 PM, 28 Oct, 2017

نیوویب ڈیسک

راجن پور: جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور میں سفاک زمیندار نے تنخواہ مانگنے پر محنت کش کی زبان کاٹ ڈالی، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز واقعہ راجن پور کے علاقے کوٹ مٹھن میں پیش آیا،زخمی محنت کش کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یاسر بااثر زمیندار کے پاس ڈرائیور کی نوکری کرتا تھا جس نے اسے دو ماہ کی تنخواہ نہیں دی تھی، زمیندار تنخواہ طلب کرنے پر یاسر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا تھا۔

زخمی یاسر کے والد نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی میرے بیٹے نے تنخواہ کا اصرار کیا تو بااثر وڈیرے نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی زبان کاٹ ڈالی، جسے تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹر اسے طبی امداد دی جارہی ہے۔

راجن پور پولیس نے ملزم کے تین ساتھیوں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مزیدخبریں