لاہور:وزارت داخلہ کی ہدایت پر ملک بھر میں اسلام و ریاست مخالف اور مذہبی منافرت پھیلانے والی ویب سائٹ بند کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ایف آئی اے لاہورکی سائبر پٹرولنگ ٹیم نے 89 ویب سائٹس، فیس بک اکانٹس اور بلاگز کا سراغ لگا کر فہرست اسلام آباد ہیڈکوارٹرز کو بھجوا دی۔
وزارت داخلہ کی ہدایت پر منافرت پھیلانے والی 89 ویب سائٹس بند کرنے کی تیاری شروع
معلوم ہوا کہ سوشل میڈیا کے بے شمار اکاونٹس مذہبی منافرت اور فرقہ واریت پھیلانے، اسلام اور پاکستان کیخلاف پراپیگنڈا کرنے اور ملک میں سائبر دہشتگردی کو فروغ دینے کا باعث بن رہے ہیں، ان میں سے بعض اکاونٹس کالعدم تنظیمیں چلا رہی ہیں اور وہ سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔
لاہور آفس کی جانب سے ہیڈ کوارٹرزکومراسلہ میں مذکورہ سائٹس کی فہرست دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کو ہدایت جاری کی جائے کہ وہ ان اکاونٹس اور سوشل میڈیا کے پیجز کو بلاک کردے۔
فہرست میں مذہبی نفرت پھیلانے والی 20، اسلام مخالف 5، پاکستان مخالف 49 جبکہ 15 ویب سائٹس اور پیجز فرقہ واریت پھیلانے میں ملوث ہیں، انہیں آپریٹ کرنیوالوں کا سراغ بھی لگایا جا رہا ہے اور جلد کارروائی ہوگی۔