جدہ : محکمہ پاسپورٹ نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے حج پر جانے والوں کے فنگر پرنٹس لئے جانے کے بعد 10برس کیلئے بلیک لسٹ ہوجائیں گے۔
مختلف خلاف ورزیوں پر بیدخل کئے جانے والوں کو 3برس تک سعودی عرب آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ المدینہ اخبار کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے توجہ دلائی کہ خروج و عودہ ویزہ کو خروج نہائی ویزے میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ اگر کوئی شخص خروج و عودہ لیکر سعودی عرب سے سفر کر گیا ہو تو ایسی صورت میں اس کے مذکورہ ویزے کو بیرون مملکت رہتے ہوئے خروج نہائی کے ویزے میں تبدیل نہیں کیا جاسکے گا۔ خروج نہائی ویزہ اجراءکی تاریخ سے 60دن تک موثر رہتا ہے۔
جوازات کا کہناہے کہ اگر مملکت میں اقامے پر موجود کوئی خاتون خروج و عودہ لیکر سعودی عرب سے باہر گئی ہو اور وہیں اسکے یہاں ولادت ہوئی ہو تو ایسی صورت میں نومولود کو ماں کے ویزے پر سعودی عرب لانے کی سہولت حاصل ہوگی۔ اس کی فیس لی جائیگی۔ جوازات کا کہناہے کہ اگر گھریلو ملازم کے ریکارڈ پر مرافق یا تابع ہوئے تو ایسی صورت میں اس سے فیملی فیس ہر قیمت پر وصول کی جائیگی۔ اس سے اسے کوئی استثنیٰ نہیں ہوگا۔ سعودی عرب میں 20لاکھ کے لگ بھگ گھریلو ملازم سکونت پذیر ہیں۔ ان میں سے 62فیصد خواتین ہیں۔
جوازات کا کہناہے کہ پاسپورٹ ختم ہونے سے ایک برس کے اندر توسیع کرائی جاسکتی ہے۔ محکمے نے یہ بھی بتایا کہ اگر کسی شخص پر ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے ہوں تو ایسی صورت میں وہ اپنے تابع کا پاسپورٹ جاری کراسکے گا خلاف ورزیوں کا ریکارڈ پر ہونا پاسپورٹ کے اجراءمیں حائل نہیں ہوگا۔