ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا ہے کہ نیوم میں نشہ آور مشروبات استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔اس حوالے سے نیوم میں سعودی قوانین و ضوابط ہی نافذ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ نیوم میں مختلف قوانین نافذ کئے جائیں گے ۔
98فیصد قوانین ایسے ہوں گے جو نیوم جیسے عالمی شہروں میں رائج ہیں البتہ باقی 2فیصد قوانین سعودی ہوں گے۔ مثال کے طور پر مملکت والے علاقے میں شراب نوشی کی اجازت نہیں ہو گی۔اگر کوئی غیر ملکی شراب پینا چاہے گا تو وہ مصر یا اردن والے علاقے میں جاکر یہ شوق پورا کر سکے گا ۔نیوم میں مصر ، اردن اور سعودی عرب تینوں ملکوں کے علاقے شامل ہوں گے ۔ غیر ملکی کو اپنا شوق پورا کرنے کیلئے جزیرہ تیران سے مصر والے علاقے میں جانے کیلئے 3.5کلو میٹر کا سفرطے کرنا ہو گا۔ اس کیلئے گاڑی سے 2منٹ لگیں گے ،جبکہ جزیرہ تیران راس الشیخ حمید سے 15کلو میٹر دور ہے ۔
اگر آپ شہر سے دو ر ہوں تو گاڑی سے 20منٹ میں سفر کیا جا سکے گا ۔ نیوم منصوبہ غیر ملکی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کی جملہ ضرورتوں کو تمام قوانین کی پاسداری کے ساتھ پورا کر سکے گا ۔