سڈنی: آسٹریلیا میں خاتون کے اکاؤنٹ میں نامعلوم ذرائع سے لاکھوں ڈالر کی منتقلی کے بعد ان کی قسمت بدل گئی۔
کسی انسان کے راتوں رات مالامال ہونے کی کہانیاں صرف فلموں میں ہی اچھی لگتی ہیں اور حقیقت میں ایسے واقعات بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں لیکن آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں فلمی سین کی طرح ایک 26 سالہ لڑکی وین ورگھ کے اکاؤنٹ میں راتوں رات 25 ملین ڈالر یعنی 2 ارب روپے سے زائد کی رقم منتقل ہوئی۔اگلی صبح جب خاتون بینک سے پیسے نکالنے گئی تو اپنے اکاؤنٹ میں اتنی بڑی رقم دیکھ کر دنگ رہ گئی اور شدید اضطراب کے عالم میں معاملے کی حقیقت جاننے کے لیے حکام سے رابطہ کیا اور انہیں ساری معلومات فراہم کی کہ کیسے ان کے اکاؤنٹ میں راتوں رات اتنی بڑی رقم ایک نامعلوم اکاؤنٹ سے منتقل ہوئی۔
خاتون نے نہ صرف بینک حکام کو ساری تفصیلات فراہم کی بلکہ اکاونٹ میں منتقل کی گئی رقم بھی دکھائی، اتنی بڑی رقم کی راتوں رات منتقلی نے بینک حکام کو بھی حیران کردیا۔ حکام نے مکمل تفتیش تک پیسے مذکورہ خاتون کے اکاونٹ میں رکھنے کا فیصلہ کیا البتہ خاتون کو ان پیسوں کو خرچ کرنے یا استعمال میں لانے کی اجازت نہیں دی۔دوسری جانب وین ورگھ کا کہنا تھا کہ وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں اور وہ ایسے واقعات کی باریکیاں جانتی ہیں اس لیے انہوں نے یہ رقم خرچ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔