کمرشل اورصنعتی صارفین کیلئے خوشخبری،این ٹی ڈی سی کے 220 کے وی گرڈ سٹیشن واپڈا ٹاؤن میں ایک اور ہائی پاور آٹوٹرانسفامرنصب

08:17 PM, 28 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور : نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی جانب سے 220 کے وی گرڈ سٹیشن واپڈا ٹاؤن لاہور میں دوسرے 250 ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر کو انرجائز کر دیا گیا ہے جس کا مقصد گرڈ سٹیشن کی بجلی ترسیل کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔
این ٹی ڈی سی کی پراجیکٹ ڈلیوری (نارتھ) لاہور کی ٹیم نے220 کے وی گرڈ سٹیشن واپڈا ٹاؤن لاہور میں 160 ایم وی اے 220/132 کے وی آٹو ٹرانسفارمر (ٹی-2) کی جگہ نیا 250 ایم وی اے آٹو ٹرانسفامر نصب کرنے کا کام مکمل کیا، مذکورہ آٹو ٹرانسفارمر کو کامیابی کے ساتھ انرجائز کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ عالمی بینک کی معاونت سے جاری نیشنل ٹرانسمیشن ماڈرنائزیشن پراجیکٹ- 1 کا حصہ تھا۔
منصوبے کی تکمیل سے 220 کے وی گرڈ سٹیشن واپڈا ٹاؤن لاہورسے بجلی ترسیل کی استعداد میں اضافہ ہو گا جس سے لاہوراور گردو نواح کے مختلف علاقوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔بجلی کی فراہمی میں بہتری اور ترسیلی نظام میں مسائل کے خاتمے سے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔
منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی، انجینئر محمد وسیم یونس نے منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے پر پراجیکٹ ڈیلیوری (نارتھ) لاہور ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

مزیدخبریں