دبئی: خاتونِ اول اور رکنِ پارلیمنٹ آصفہ بھٹو زرداری نے دبئی میں منعقد ہونے والے گلوبل ویمنز فورم میں شرکت کی، جہاں انہوں نے خواتین کو خود پر اعتماد رکھنے اور اپنی اقدار پر قائم رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اپنے خطاب میں آصفہ بھٹو نے کہا کہ "خواتین کو ہمیشہ اپنی آواز کی طاقت پر یقین رکھنا چاہیے، اور انہیں کبھی یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ وہ دنیا کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔"
آصفہ بھٹو زرداری نے پاکستان میں خواتین کے کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ خواتین نے معاشرتی، سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین نے ہر سطح پر اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے اور ان کی طاقت کو تسلیم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
اس فورم کے دوران آصفہ بھٹو نے دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی کی چیئرپرسن اور دبئی کونسل کی رکن، عزت مآب شیخہ لطیفہ بنت محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی، جس میں خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات پر گفتگو کی گئی۔