لوگ صرف "سٹار کڈز" میں دلچسپی رکھتے ہیں، انہیں ہی سکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں: کریتی سینن

لوگ صرف

ممبئی: بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ کریتی سینن نے کہا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں اقربا پروری کا مسئلہ صرف انڈسٹری تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس میں میڈیا اور ناظرین کا بھی بڑا ہاتھ ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ لوگ زیادہ تر سپر اسٹارز کے بچوں کو ہی دیکھنا پسند کرتے ہیں، اور میڈیا بھی انہی کو زیادہ فوکس کرتا ہے، جس کے باعث ان ہی اداکاروں کو ترجیح دی جاتی ہے۔ کریتی سینن نے یہ بات حال ہی میں 55 ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا میں اپنی پروڈیوس کردہ پہلی فلم "دو پتی" کی نمائش کے موقع پر اقربا پروری کے موضوع پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہی۔

نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکارہ نے کہا کہ اگرچہ انڈسٹری میں اقربا پروری کا مسئلہ موجود ہے، لیکن اس کا اصل ذمہ دار میڈیا اور ناظرین ہیں، کیونکہ وہ زیادہ تر "سٹار کڈز" میں دلچسپی رکھتے ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ فلم ساز بھی ان ہی کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

کریتی سینن نے اپنی جدوجہد کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ ان کے خاندان کا فلم انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں تھا، جس کی وجہ سے انہیں انڈسٹری میں اپنا مقام بنانے میں وقت لگا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی دنوں میں بڑے مواقع حاصل کرنا اور میگزین کے کورز پر آنا مشکل تھا، لیکن مسلسل محنت، لگن اور عزم کے ساتھ کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

مصنف کے بارے میں