پی ٹی آئی کے احتجاج میں آنسو گیس کے استعمال کی تحقیقات کا آغاز

11:31 AM, 28 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران مظاہرین کی جانب سے مبینہ طور پر آنسو گیس کے استعمال کے معاملے کی تحقیقات کے لیے سینٹرل پولیس آفس (CPO) نے تمام ڈی آئی جیز اور دیگر پولیس یونٹس کے سربراہان کو خط لکھا ہے۔ یہ خط 21 نومبر کو محکمہ پولیس کے غیر سیاسی رہنے کے عزم کے تحت لکھا گیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی غیر جانبداری کو برقرار رکھنے کے لیے آنسو گیس کے سٹاک سے متعلق تفصیلات فراہم کی جائیں اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ان کے استعمال کی مکمل معلومات دی جائیں۔ خط میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی آنسو گیس کے بارے میں تفصیلات حاصل کی جائیں۔

 اس سلسلے میں، اے آئی جی لاجسٹکس کے دفتر میں ایک ٹیم تعینات کی جائے گی جو تمام آنسو گیس شیل کے ذخیرے کا مکمل جائزہ لے گی۔ ذرائع کے مطابق اس ٹیم کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ وہ پولیس کے پاس موجود آںسو گیس شیل کے ذخیرے کا تفصیل سے معائنہ کرے اور اس ڈیٹا کا موازنہ   ریجنل پولیس اور سی پی او  دفاتر کے پاس موجود سٹاک کے ڈیٹا سے کرے۔

یہ فیصلہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر آنے والی خبروں کے بعد کیا گیا ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ احتجاج کے دوران استعمال ہونے والے آنسو گیس شیل خیبر پختونخوا پولیس کے ذخیرے کا حصہ تھے۔ ان تحقیقات کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ آیا کسی قسم کی بے ضابطگیاں یا سیاسی اثرات پولیس کے کام پر اثر انداز ہوئے ہیں یا نہیں۔

مزیدخبریں