جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کا جنوبی لبنان میں کرفیو

جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کا جنوبی لبنان میں کرفیو

تل ابیب : اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ کرفیو کا نفاذ دریائے لیطانی کے جنوبی علاقوں میں بدھ  رات سے جمعرات کی صبح تک ہوگا۔

عرب میڈیا کے مطابق، اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے وہ علاقے جہاں سے شہریوں کو خالی کرایا گیا تھا، وہاں واپس جانے سے روک دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان خالی کیے گئے قصبوں یا اسرائیلی فوج کے قریب جانے والے افراد کی جانوں کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی معاہدہ پاکستانی وقت کے مطابق آج صبح 7 بجے شروع ہوا، جس کے بعد ہزاروں لبنانیوں نے جنوبی لبنان میں اپنے گھروں کی طرف واپس جانا شروع کر دیا تھا۔

غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق، جنگ بندی کے بعد بیروت کے جنوبی مضافات میں فائرنگ کے واقعات بھی سامنے آئے، جہاں کچھ افراد نے جشن منایا۔ ان فائرنگ کی آوازیں دور دراز تک سنائی دیں، مگر ابھی تک جنگ بندی کی خلاف ورزی کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔

مصنف کے بارے میں