بھارت کا ایشیا کپ کے بعد پاکستان سے چیمپئنز ٹرافی بھی چھیننے کی کوشش، پاکستان نہ آنے کے موقف پر قائم

10:33 AM, 28 Nov, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور:  بھارت کا ایشیا کپ کے بعد پاکستان سے چیمپئنز ٹرافی بھی چھیننے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ بھارت اب بھی چیمپیئنز ٹرافی کیلئے پاکستان نہ آںے کے موقف پر قائم ہے۔ 

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2025 چیمپئنز ٹرافی کا مقام تبدیل ہونے کا امکان ہے کیونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)  پاکستان کا سفر نہ کرنے پر قائم ہے۔

بھارت اور بی سی سی آئی کے ملک میں اپنی ٹیم نہ بھیجنے کے موقف کی وجہ سے،  پاکستان مسلسل دوسری بار، 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے اس بار، کثیر ٹیموں کے ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حقوق سے محروم ہونے کے دہانے پر ہے۔

خیال ر ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بگڑے ہوئے سیاسی تعلقات، اور سیکورٹی ایک بڑی تشویش ہونے کی وجہ سے بھارت نے پاکستان میں 2022 ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ جس کے بعد یہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل میں کھیلا گیا، جس کی میزبانی سری لنکا اور پاکستان نے مشترکہ طور پر کی تھی۔

 اگر ہندوستانی حکومت اور کرکٹ بورڈ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے خلاف فیصلہ کرتے ہیں، تو یہ ٹورنامنٹ مکمل طور پر متحدہ عرب امارات یا ہائبرڈ ماڈل میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان غیر ہندوستانی میچوں کی میزبانی کرے گا۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین ذکاء اشرف اور سی او او سلمان نصیر نے احمد آباد میں آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ سے ملاقات کی جس میں 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے مقام کے بارے میں غیر یقینی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام نے بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) کے دوبارہ اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کرنے کے امکان پر تبادلہ خیال کیا اور واضح کیا کہ کسی بھی صورت حال میں آئی سی سی کو ٹورنامنٹ پر یکطرفہ فیصلے لینے سے گریز کرنا چاہیے۔

پی سی بی کے اعلیٰ افسروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سالوں میں کئی اعلیٰ ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے، جن میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا شامل ہیں، کسی ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کا سامنا کیا اور نہ ہی شکایت کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بھارت سیکیورٹی کی بنیاد پر شکایت کرنے پر اصرار کرتا ہے تو آئی سی سی کو ایک خودمختار سیکیورٹی ایجنسی کا تقرر کرنا ہوگا، جو پاکستان حکومت اور ان کے سیکیورٹی حکام کے ساتھ بھارت سمیت شریک ٹیموں کی صورتحال کا جائزہ لے سکے۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سالوں میں کئی اعلیٰ ٹیموں نے بغیر کسی سیکیورٹی خدشات کے پاکستان کا دورہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر بھارت اپنی ٹیم نہیں بھیجتا اور اس کے میچز کسی دوسرے ملک میں منتقل کیے جاتے ہیں، تو آئی سی سی کو پاکستان کو اس کی تلافی کرنی ہوگی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی  2025 میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی، چیمپئنز ٹرافی آخری بار 2017 میں کھیلی گئی تھی جسے پاکستان نے بھارت کیخلاف جیتا تھا اور اب طویل عرصے کے بعد اپنے گھر پر آئی سی سی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے۔

بھارت اور آسٹریلیا نے چیمیئنز ٹرافی دو بار جیت چکے ہیں۔ پاکستان، سری لنکا، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ ایک ایک بار جیت چکے ہیں۔ 

مزیدخبریں