ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی محمود جان سمیت دیگر اراکین اسمبلی مستعفی

11:43 PM, 28 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

پشاور: ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان سمیت دیگر اراکین نے سپیکر کو اپنے استعفے بھجوا دئیے ہیں۔ محمود جان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے احکامات پر ڈپٹی سپیکر شپ سمیت اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دیتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں پی ٹی آئی کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور خیبر پختونخوا وزیر زادہ، ممبر خیبر پختونخوا اسمبلی آسیہ خٹک اور ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان نے صوبائی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
محمود جان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، ان کے احکامات پر استعفیٰ دیا ہے۔ معاون خصوصی برائے اقلیتی امور خیبر پختونخوا وزیر زادہ نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کے اعلان پر صوبائی اسمبلی سے استعفیٰ وزیراعلیٰ کو بھیج دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پارٹی چیئرمین عمران خان کا ہر فیصلہ منظور ہو گا ہم چاہتے ہیں دوبارہ انتخابات ہو جائیں۔ پی ٹی آئی کی ممبر خیبر پختونخوا اسمبلی آسیہ خٹک نے بھی سپیکر کو استعفیٰ بھجوایا ہے جن کا کہنا ہے کہ پارٹی پالیسی کے مطابق صوبائی اسمبلی سے استعفیٰ دیتی ہوں اور صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دینے پر پارٹی کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن پنجاب اسمبلی محمد عامر اقبال شاہ نے بھی اپنا استعفیٰ اسپیکر کو دے دیا جس میں لکھا ہے کہ پارٹی پالیسی کے مطابق اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوتا ہوں، محمد عامر اقبال شاہ صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 224 دنیا پور سے منتخب ہوئے تھے۔

مزیدخبریں