امین اسلم اور زرتاج گل کی لڑائی پر بیان، ریاض فتیانہ سے جواب طلب

امین اسلم اور زرتاج گل کی لڑائی پر بیان، ریاض فتیانہ سے جواب طلب
سورس: file

اسلام آباد : پی ٹی آئی کی احتساب و ڈسپلن کمیٹی نے گلاسگو میں ملک امین اسلم اور زرتاج گل کی لڑائی کے بارے میں بیان پر ریاض فتیانہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ۔ 4 دسمبر تک وضاحت دینے کا حکم دے دیا۔

نیو نیوز کے مطابق کمیٹی نے ریاض فتیانہ سے سوال کیا کہ آپ نومبر میں کسی این جی او کی طرف سے گلاسگو کوپ 26 میں گئے؟ آپ گلاسگو میں وفد سے اپنے استعمال کے لیے گاڑیاں مانگتے رہے؟۔

شوکاز میں پوچھا گیا ہے کہ آپ نے وفد سے کانفرنس کارڈ اور فون سم کی بھی فرمائش کی؟ آپ کے مطالبات نہ مانے گئے توآپ نے وطن واپسی پر حکومتی وفد پر الزامات لگا دیے۔

کمیٹی نے  ریاض فتیانہ سے سوال کیا کہ آپ نے بطور رکن پی اے سی حکومتی وفد پر لڑائی سمیت دیگر الزامات لگائے، اس کا ثبوت دیں، آپ نے الزام لگایا کہ امین اسلم سے لڑائی کے باعث زرتاج گل وطن واپس آئیں۔

شوکاز میں ریاض فتیانہ سے کہا گیا کہ الزامات کے تحریری شواہد، کوائف اور دیگر ثبوت بھی فراہم کریں۔ پی ٹی آئی احتساب و انضباطی کمیٹی نے ملک امین اسلم کی درخواست پر شوکاز نوٹس جاری کیا۔

واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے پی اے سی کے اجلاس میں انکشاف کیا تھا کہ گلاسکو میں وزیر ماحولیات زرتاج گل معاون خصوصی امین اسلم کے ساتھ لڑ کر وطن واپس آگئی تھیں۔

ریاض فتیانہ کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں افسران کی نااہلی کے باعث پاکستان کی نمائندگی غیر معیاری تھی۔ پاکستان پویلین خالی رہا۔ پویلین میں قائد اعظم اور وزیر اعظم پاکستان کی تصویر تک نہیں تھی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پویلین میں نیپال اور دیگر ممالک کے وفود کا کسی افسر نے استقبال نہیں کیا ۔یہ پاکستان کی بدنامی تھی اس کی تحقیقات کو ہونی چاہیے۔