مسلم لیگ ن لوگوں کو لالچ دے کر انتخاب لڑتی ہے، فواد چوہدری

04:44 PM, 28 Nov, 2021

جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سیاست مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے بس کی بات نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پنڈادنخان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیا ووٹ کو ہزار، 2 ہزار میں خریدنا ووٹ کو عزت دینا ہے، مسلم لیگ ن لوگوں کو لالچ دے کر انتخاب لڑتی ہے جبکہ سیاست مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی بس کی بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای وی ایم سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی گھبرا جاتی ہے کیونکہ ان کا انتخآبی طریقہ دھاندلی ہے۔ ویڈیو اور لیکس کا مقصد بلیک میلنگ ہوتا ہے جبکہ ویڈیوز پہلے آجاتی ہیں اور بعد میں پتہ چلتا ہے کہ جعلی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں عمران خان کے علاوہ کوئی لیڈر نہیں ہے اور عمران خان کی آواز پورے ملک میں جاتی ہے کیونکہ ان کا پورے ملک میں ووٹ بینک ہے اور عمران خان کےعلاوہ باقی بونے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف واحد وفاقی پارٹی ہے جس نے پاکستان کو متحد رکھا ہوا ہے۔ وفاقی قیادت اور وفاقی پارٹی پاکستان کے لیے ضروری ہے جبکہ پیپلز پارٹی زرداری اور بلاول کی پارٹی ہے اور وہ سندھ تک ہی محدود ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پورے پاکستان میں اگر کوئی ٹکٹ دینے کے پوزیشن میں ہے تو وہ صرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ہے۔ مریم نواز نے کہا تھا لندن تو کیا پاکستان میں بھی میری کوئی جائیداد نہیں لیکن آپ کے کرتوتوں کی وجہ سے آج پاکستان مشکلات کا شکار ہے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ یہ 5 سال تحریک انصاف کے ہیں اور آئندہ 5 سال بھی تحریک انصاف کے ہیں۔

مزیدخبریں