چٹا گانگ : پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا ہے۔ میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز بنا لیے۔ بنگلہ دیش کو پاکستان پر 83 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
پاکستان نے تیسرے دن کا کھیل بغیر کسی نقصان کے 145 رنز سے شروع کیا تو پہلے ہی اوور میں اس کی دو وکٹیں گر گئیں، دوسرے دن کے اختتام پر 52 رنز پر ناٹ آؤٹ رہنے والے عبداللہ شفیق تیسرے روز بغیر کوئی اسکور بنائے ہی تاج الاسلام کا شکار ہوگئے ۔ اگلی ہی بال پر اظہر علی بھی تاج الاسلام کا شکار بنے اور بغیر کھاتا کھولے ہی واپس لوٹ گئے۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم صرف 10 رنز بناسکے انہیں مہدی حسن نے بولڈ کیا ۔ فواد عالم بھی صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور انہیں بھی تاج الاسلام نے کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر پویلین واپس بھیج دیا۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی بنگلہ دیشی بولرز کا سامنا نہ کرسکے اور صرف 5 رنز بناکر عبادت حسین کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی جانب سے عابدعلی نے شاندار 133 رنز بنائے اور تاج الاسلام کے شکار بنے۔
حسن علی بھی بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں تاج الاسلام کو وکٹ دے بیٹھے ۔ انہوں 12 رنز بنائے اور اسٹمپ آؤٹ ہوئے، ساجد خان کو 5 رنز پر عبادت حسین نے بولڈ کیا۔ نعمان علی بھی 8 رنز بناسکے انہیں بھی تاج الاسلام نے شکار کیا۔
فہیم اشرف نے کچھ مزاحمت کرتے ہوئے 38 رنز بنائے اور وہ بھی تاج الاسلام کی وکٹ میں اضافہ کرگئے ۔ بنگلہ دیشی اسپنر تاج الاسلام نے اپنے کیرئر کی بہترین بولنگ کراتے ہوئے 7 پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
تاج الاسلام کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث قومی ٹیم میزبان ٹیم کے پہلی اننگز میں 330 رنز کے جواب میں 286 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جب کہ بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں پاکستان پر 44 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تھا اس کے بلے بازوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ شاہین شاہ آفریدی نے تین اور حسن علی نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستانی بلے بازوں کی بنگلہ دیشی سپنرز جبکہ بنگلہ دیشی باؤلرز کی پاکستانی فاسٹ باؤلرز نے ایک نہ چلنے دی۔