لاہور: پی سی بی کی جانب سے محمد یوسف کو اہم ذمہ داری دئیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے بیٹنگ کوچ کیلئے وقتی طور پر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا نام زیر غور ہے جبکہ نیشنل ہائی پرفارمنس میں باؤلنگ کوچ کے خالی عہدے پر سابق فاسٹ باؤلر عمر گل کو عارضہ ذمہ داری سونپے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ سابق آسٹریلوی کھلاڑی اور قومی ٹیم میں بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ ذمہ داریاں سرانجام دینے والے میتھیو ہیڈن نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک خدمات انجام دیں جبکہ پاکستانی ٹیم کیساتھ بطور باؤلنگ کنسلٹنٹ موجود ورنن فلینڈربھی بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے بعد یکم دسمبر سے اپنی ذمہ داری سے الگ ہو جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز میں بھی پاکستان ٹیم کا عارضی کوچنگ سیٹ اپ ہوگا جس کے تحت بیٹنگ اور باؤلنگ کے عارضی کوچز کی تعیناتی ہو گی، اس حوالے سے پی سی بی نے مشاورت بھی شروع کر دی ہے۔تاہم بعد ازاں قومی ٹیم کیلئے مستقل کوچز کی تعنیانی کیلئے پی سی بی جلد اشتہار دے گا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے 9 دسمبر کو کراچی پہنچے گی، دونوں ٹیموں کے دوران تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔