یروشلم :کورونا وائرس کی نئی خطرناک قسم "اومی کرون" کا پھیلاؤ روکنے کیلئےدنیا بھر میں اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی نئی اور مہلک ترین قسم اومی کرون کے کیسز جنوبی افریقہ میں سامنے آنے کے بعد اب اٹلی، بیلجیم، جرمنی، چیک ری پبلک، ہالینڈ، مصر، اسرائیل، ملاوی، بوٹسوانا، ہانگ کانگ اوربرطانیہ تک پھیل چکی ہے۔جس کے بعد امریکہ سمیت کینیڈا، برطانیہ ،سعودی عرب اور جنوبی کوریا نے افریقی ملکوں سے فلائٹس پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔ تاہم امریکی صدر کے مشیر صحت ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امکان موجود ہے کہ کورونا کی نئی قسم پہلے ہی امریکہ پہنچ گئی ہو۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھی ملک بھر میں نئی پابندیاں لگا دی ہیں جبکہ عوامی مقامات اور دوران سفر ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیاہے۔
کووڈ کی قسم کے باعث دنیا بھر میں بگڑتی صورتحال کے پیش نظر اسرائیل نے بھی تمام غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم جنوبی افریقہ سے سامنے آئی ہے جس کے بارے میں ماہرین کا ماننا ہے کہ اس نئے ویرئینٹ اور پہلے سے موجود کورونا وائرس میں خاصا فرق ہے جس کے باعث اب تک بننے والی ویکسینز کی افادیت میں بھی بڑی کمی آنے کا امکان ہے۔