کراچی، نسلہ ٹاور کے اطراف دفعہ 144 نافذ

11:00 AM, 28 Nov, 2021

کراچی: کراچی میں ضلعی انتظامیہ نے نسلہ ٹاور کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی کی شارع فیصل پر قائم نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام جاری ہے، تاہم ممکنہ احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر  ایسٹ  نے دفعہ 144 نافذ کرنے کی درخواست کی تھی جس پر  کمشنر کراچی نے دفعہ 144 کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

 

نوٹی فکیشن کے مطابق  نسلہ ٹاور کو گرانے کی کارروائی کے دوران احتجاج کا خدشہ ہے  جس کے باعث دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے، جس کے تحت  4 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔جبکہ کام میں دخل اندازی کرنے والوں کیخلاف بھی سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی میں نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام جاری ہے۔اس حوالے سے  ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے )  کا کہنا ہے کہ  عمارت گرانے کا 5  سے 10 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ،تاہم مزید 15 سے 20 دن درکار ہونگے۔

دوسری جانب نسلہ ٹاور گرانے والے ٹھیکیدار کا کہنا ہے کہ تین شفٹوں میں 24 گھنٹے مزدور عمارت گرانےمیں مصروف ہیں ، تاہم یہ کام مکمل ہونے  میں 25 سے 30 دن لگ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے نسلہ ٹاور ایک ہفتے میں گرا کر رپورٹ عدالت میں  پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

مزیدخبریں