واشنگٹن: کورونا کی نئی قسم کے خطرے کے پیش نظر نیویارک میں 3 دسمبر سے ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔
نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچول کا کہنا ہے کہ نیویارک میں اومی کرون ابھی نہیں پہنچا ، لیکن یہ آرہا ہے اور اس سے بچاؤ کے لیے ہی ایمرجنسی کا اعلان بطور احتیاط کیا گیا ہے ۔
کیتھی ہوچول کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کی نئی قسم کے کیسز کی صورتحال کو دیکھ کر 15 جنوری کو حالات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا ۔
دوسری جانب ، عالمی ادارہ صحت نے خبر دار کیا ہے کہ دسمبر کے وسط تک کورونا کی نئی لہر آنے کا خدشہ ہے ۔
واضح رہے کہ 2019 سے کورونا کا پہلے کیس سامنے آنے کے بعد موسم سرما میں ہی اس کی نئی قسم رپورٹ ہوتی رہی ہے ۔ صرف ، کورونا کی قسم 'بی ٹا' ایسی تھی ، جس کا پہلا کیس موسم گرما میں رپورٹ ہوا ۔ کورونا کی نئی اقسام میں 'ایلفا' 'بی ٹا' 'گیما' 'ڈیلٹا' اور اب 'اومی کرون ' کی شناخت بھی ہوچکی ہے ۔
موسم سرما میں کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین اور ماہرین کی تجویز کردہ غذاؤں کے ساتھ قوت مدافعت بڑھا کر بیماری سے بچا جاسکتا ہے ۔