ملبورن: آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان میچ میں انتہا پسند ہندؤں نے ترنگے کی بجائے ہندو قوم پرست نیم فوجی جماعت آر ایس ایس کا جھنڈا لہرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو آسڑیلیا کی ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں تماشائیوں کو گراؤنڈ میں داخلے کی اجازت دی گئی۔ آسٹریلوی اور بھارتی تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد میں کھلاڑی میدان میں آئے اور اپنی ٹیم کو اسپورٹ کیا۔ اس دوران بھارتی شائقین نے بھارتی پرچموں کیساتھ ساتھ آر ایس ایس کا جھنڈا بھی اٹھایا ہوا تھا۔ اور پورے میچ میں وہ جھنڈا گراؤنڈ میں لہراتا رہا۔
خیال رہے کہ آر ایس ایس بھارت کی مذہبی انتہا پسند تنظیم ہے جو نازی نظریے پر چلتی ہے۔ ہندوتوا نظریے کی حامی اس جماعت نے بھارت میں مسلمانوں اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں یہ گمان کیا جاتا ہے کہ وہ آر ایس ایس کے نظریے کے حامی ہیں۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے اس میچ میں بھارت کو 66 رنز سے شکست دی تھی۔ میچ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے تاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم نے ایرون فنچ اور اسٹیون اسمتھ کی سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 374 رنز بنائے۔ بھارت کے تمام بولرز کی خوب درگت بنائی گئی۔ بھارتی ٹیم کی جانب سے سے کامیاب بولرز محمد شامی رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 59 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
375 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 53 رنز پر بھارت کی پہلی وکٹ اگروال کی صورت میں گری۔ پھر کپتان کوہلی بھی ٹک کر کھیل نہ سکے۔ 101 رنز کے مجموعے تک بھارتی ٹیم4 وکٹیں گنوا چکی تھی۔ 229 رنز پر دھاون کی وکٹ گری جنہوں نے 74 رنز بنائے۔ جس کے بعد 247 رنز پر ہردیک پانڈیا بھی 90 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے اور انہیں میچ میں 66 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا کو تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کے دورے پر موجود بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف 3 ایک روزہ میچز، 3 ٹی 20 میچز اور 4 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔