شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر کا جسد خاکی جاتی امرا پہنچ گیا

The body of Begum Shamim Akhtar, mother of Sharif brothers, reached Khaki Jati Amira

لاہور:شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر کا جسد خاکی جاتی امرا پہنچ گیا،بیٹے شہبازشریف اور پوتے حمزہ شہباز نے لاہور ایئرپورٹ پر میت وصول کی جبکہ بہن کوثر بھی میت کے ہمراہ لندن سے لاہور پہنچی اور شہبازشریف سے مل کر روتی رہیں۔


تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کا جسد خاکی پاکستان پہنچ گیا جس کو جاتی امرا پہنچا دیا گیا ہے۔


پرواز کی آمد سے قبل شہبازشریف ،حمزہ شہباز،مریم اورنگزیب ،عطاءتارڑ سمیت دیگر لیگی قیادت بھی ایئرپورٹ پر موجود تھی جبکہ شہباز شریف نے والدہ کی میت وصول کی۔


بیگم شمیم اختر کی شریف میڈیکل سٹی میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی جبکہ مرحومہ کو جاتی امرا میں میاں شریف کے پہلو میں سپردخاک کیا جائے گا۔


گزشتہ روز نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن کے ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی گئی تھی ،نواز شریف سمیت خاندان کے قریبی افراد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ عالمی وبا کی وجہ سے نماز جنازہ کی ادائیگی کیلئے تیس سے زائد لوگوں کو اجازت نہیں دی گئی۔ خاندان کے تیس افراد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ 


ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا نواز شریف اور شہباز شریف نے عوام اور کارکنان سے اپیل ہے کہ اپنے ، اپنے علاقوں میں رسم قل کے دن ان کی والدہ مرحومہ اور سب مسلمان مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی فرمائیں۔ 


واضح رہے کہ بائیس نومبر کو بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔ شریف برادران کی والدہ کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے ناساز تھی لیکن چند روز سے ان کی طبیعت زیادہ خراب تھی اور ان کے سینے میں شدید انفیکشن تھا اور انہیں الزائمر کی بیماری بھی لاحق تھی۔