کراچی : دنیا کے ساتھ امن ، دوستی اور محبت کا رشتہ رکھنا چاہتے ہیں لیکن اگر ملکی خودمختاری پر کسی نے میلی آنکھ اٹھائی تو ہم پاکستانی اس کا جواب بھی دینا جانتے ہیں، دفاعی نمائش آئیڈیاز کے ذریعے یہ پیغام دنیا کو دیا جارہا ہے۔
ہر دوسال میں یہ نمائش کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوتی ہے اور آج آئیڈیاز کی 10 ویں نمائش کا دوسرا دن تھا ، فضا کی نگرانی کیلئے جے ایف تھنڈر فائٹر طیارہ اور ڈرونز ٹیکنالوجی، زمین کیلئے الخالد اور ضرار جیسے ٹینک اور سمندروں کی رکھوالی کے بحری بیڑے، پاکستان دفاع کیلئے جو جنگی سامان تیار کرتا ہے یہ ان میں سے چند ہیں۔
اسکے علاوہ پاکستان کیا کچھ تیار کرتا ہے یہ دنیا کو دکھانے اور دنیا دفاعی شعبے میں کس سمت جارہی ہے یہ جاننے کیلئے ہر دوسرے سال آئیڈیاز نمائش کا انعقاد ہوتا ہے ، کراچی میں جاری نمائش میں امریکی، یورپی، افریقی، ایشیائی نیز دنیا کے ہر براعظم سے آئے لوگوں نے ایک دوسرے کی دفاعی صلاحیت کو دیکھا پرکھا ، پاکستانی مصنوعات کی صلاحیت اور خصوصاً ان کی قیمت نے خریداروں کو خصوصی طور پر متوجہ کیا۔
نمائش کے دوسرے روز دو کانفرنسز کا انعقاد بھی ہوا، ایک کا عنوان سروسز کانفرنس اور دوسری کا میری ٹائم کانفرنس تھا جس میں نیول وائس چیف نے شرکت کی۔
نیشنل سینٹر فار میری ٹائم پالیسی ریسرچ اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افئیرز کراچی کے زیر اہتمام میری ٹائم کانفرنس منعقد کی گئی، میری ٹائم کانفرنس کا عنوان بحر ہند میں میری ٹائم سیکیورٹی کے اہم پہلو اور میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے جدت کی ضرورت اور اہمیت تھا۔