کرتارپور راہداری امن کی طرف قدم ہے جس کی خطے کو ضرورت ہے، آرمی چیف

کرتارپور راہداری امن کی طرف قدم ہے جس کی خطے کو ضرورت ہے، آرمی چیف
کیپشن: فوٹو فائل

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کرتارپور راہداری امن کی طرف ایک قدم ہے جس کی ہمارے خطے کو ضرورت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے بیان میں آرمی چیف نے کہا کہ سرحد پر خار دار تاریں ایک خودمختار ریاست اس لیے لگاتی ہے تاکہ وہ غیر قانونی آمد و رفت کی نگرانی اور اسے روک سکے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مزید کہا کہ راہداریاں اور ابواب پرامن اور قانونی وزیٹرز کیلئے ہوتے ہیں اور یہی معاملہ ہمارے ہمسائیوں کیلئے ہے۔

 
تحصیل شکر گڑھ میں واقع گوردوارہ صاحب کے قریب کرتارپور کوریڈور کے سنگ بنیاد کی تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، بھارتی وزیروں پر مشتمل وفد، مختلف ممالک کے سفارتکار، عالمی مبصرین اور سکھ برادری کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پاکستان گردوارہ صاحب سے سرحد تک اپنی حدود میں کرتارپور کوریڈور فیز ون میں ساڑھے 4 کلو میٹر سڑک تعمیر کرے گا، اسی طرح بھارت بھی اپنی حدود میں سرحد تک راہداری بنائے گا۔

منصوبہ مکمل ہونے پر یاتریوں کو کرتارپور کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں پڑے گی تاہم اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان حتمی بات چیت ہونا باقی ہے۔